اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر مختص کرنے اور جون میں ویکسین فراہمی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے 70 ملین ڈالر کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں رواں سال کے آخر تک کم سے کم ساڑھے کروڑ اور زیادہ سے زیادہ ساڑھے چھ کروڑ افراد کو کوویڈ-19 کی ویکسین دینے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے ویکسین کی خریداری کے ضمن میں ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی فراہمی کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ای سی سی نے 31 مئی 2021ء کو اپنے اجلاس میں جون 2021ء میں کوویڈ ویکسین کی خریداری کیلئے 13 کروڑ ڈالر (20 ارب روپے) کی فراہمی کی منظوری دی تھی تاہم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ویکسین کی فراہمی کے اہداف بڑھانے سے اضافی پانچ کروڑ ڈالر کی ضرورت ہو گئی۔
ای سی سی نے جون 2021ء میں ویکسین کی فراہمی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے سات کروڑ ڈالر کے اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی، ویکسین کی خریداری کی ذمہ داری اس وقت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے سپرد ہے۔
اجلاس میں ریونیو ڈویژن کی جانب سے وزارت قومی صحت کو کوویڈ-19 سے نمٹنے کیلئے درکار طبی اور تشخیصی آلات درآمد کرنے میں سہولیات فراہم کرنے کے ضمن میں جاری کردہ تین ایس آر اوز میں ترامیم کی اجازت دیدی گئی۔
ای سی سی کے اجلاس میں وزارت اقتصادی امور کی جانب سے گروپ 20 کی قرض ریلیف سہولت کی مدت جولائی تا دسمبر 2021ء تک بڑھانے کیلئے کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی گئی، ای سی سی نے اس کی منظوری دیدی اور رائج قواعد و ضوابط کے مطابق دوطرفہ قرض دینے والے ممالک اور اداروں سے ایم او یوز پر دستخط کرنے کی اجازت بھی دے دی۔
اجلاس میں ترقی پذیر علاقوں کیلئے وزیراعظم فیس واپسی سکیم پر عمل درآمد کیلئے وزارت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کیلئے 62 کروڑ 92 لاکھ روپے اور دیگر اہم ضروریات کیلئے 37 کروڑ 80 لاکھ روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے سسٹم ایپلی کیشن پراڈکٹ سافٹ وئیر لائسنس کی سالانہ مرمت فیس اور ایس اے پی سافٹ وئیر لائسنس کی خریداری کے ضمن میں وزارت خزانہ کیلئے ایک ارب 16 کروڑ 27 لاکھ روپے، آڈیٹر جنرل کی بجٹ ضروریات کیلئے وزارت خزانہ کیلئے 33 کروڑ 86 لاکھ روپے، کنٹرولر جنرل اکائونٹس کے ملازمین کو لواحقین پیکج کی ادائیگیوں کیلئے 35 کروڑ روپے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منطوری دے دی۔
اسی طرح ترسیلات زر کی حوصلہ افزائی کیلئے ترغیباتی سکیم کے تشہیری اخراجات کیلئے سات کروڑ 41 لاکھ 35 ہزار روپے، مختلف سرکاری عمارات کی مرمت اور بحالی کے ضمن میں وزارت ہائوسنگ کیلئے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے، ملازمین سے متعلق اخراجات کے ضمن میں وزارت انسانی حقوق کیلئے دو کروڑ 21 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئیں۔
ای سی سی نے سمیڈا کے مختلف اخراجات کے ضمن میں وزارت صنعت و پیداوارکیلئے تین کروڑ 74 لاکھ 23 ہزار روپے، ریونیو ڈویژں کے لازمی اخراجات کی ادائیگی کیلئے 8 کروڑ 28 لاکھ روپے، صوبائی حکومتوں کی طرف سے ایڈوانسز کی مد میں وزارت خزانہ کیلئے چار کروڑ 29 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے شہداء کے قرضوں اور ایڈوانسز کی کلئیرنس کیلئے وزارت نارکوٹکس کنٹرول کیلئے 10 کروڑ 54 لاکھ روپے، مالیاتی طور پر کمزور یونیورسٹیوں کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے ضمن میں وزارت تعلیم کیلئے دو ارب روپے اور ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسی کی ضروریات کے ضمن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کیلئے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء عمر ایوب خان، علی زیدی، حماد اظہر، محمد میاں سومرو، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، گورنر سٹیٹ بینک اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔