قومی برآمدات 14 فیصد اضافے کے ساتھ 22 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں

1534

اسلام آباد: رواں مالی سال 2020-21ء کے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران قومی برآمدات میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے مئی 2021ء کے دوران قومی برآمدات 14 فیصد اضافے کے ساتھ 22 ارب 56 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی اسی مدت کے دوران 19 ارب 80 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران 22 ارب ڈالر سے زائد کی برآمدات کا کریڈٹ پاکستانی برآمدکنندگان کو جاتا ہے جنہوں نے وبا کے باعث مشکل اور غیر یقینی صورت حال کے دوران بڑی منڈیوں تک مصنوعات کو پہنچایا۔

رزاق دائود نے کہا کہ برآمدکنندگان نے مئی 2021ء کے دوران ایک ارب 65 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی برآمدات کیں جو مئی 2020ء کی ایک ارب 39 کروڑ 60 لاکھ ڈالر برآمدات سے 18.7 فیصد زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: دس ماہ میں ٹیکسٹائل برآمدات 17 فیصد اضافے سے 12 ارب 69 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئیں 

مشیر تجارت نے کہا کہ مصنوعات کی برآمدات کے علاوہ خدمات (سروسز) کے شعبے کی برآمدات میں میں بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اضافہ ہوا اور سروسز ایکسپورٹس کا حجم 5.4 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے باعث بین الاقوامی تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے باوجود قومی برآمدات میں جس طرح اضافہ ہوا ہے اس سے امید کی جا سکتی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی مجموعی برآمدات (مصنوعات اور خدمات) کا حجم 30 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here