لاہور: پاکستان کے ساحلی علاقوں کے ایکوسسٹم کی بحالی، آبادیوں میں غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی تبدیلی پر قابو پانے میں ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کا تعاون مثبت اثرات مرتب کر رہا ہے۔
اے ڈی بی نے ساحلی آبادیوں میں غربت کم کرنے اور انڈس ڈیلٹا کوسٹ لائن کے کمزور آبی پودوں کے ایکوسسٹم کو محفوظ بنانے کے لیے سندھ کوسٹل کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کو 36 ملین ڈالر فراہم کیے تھے۔
اے ڈی بی کے تعاون سے پاکستان کے انڈس ڈیلٹا کے ساحلی علاقوں کے ساتھ آبی جنگلات کی بحالی سے سمندری مداخلت سے 24 ہزار ایکڑ زمین کو محفوظ کرنے اور ساحلی آبادیوں کے روزگار کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کی انڈس ڈیلٹا ساحلی پٹی ایک بڑی آبی ایکوسسٹم کی میزبانی کرتی ہے جس پر ساحلی آبادیاں اپنی فلاح و بہبود پر انحصار کرتی ہیں۔
ماضی میں آبی جنگلات کی بے قابو اور غیرمستحکم کٹائی سے نمکین پانی داخل ہونے سے سمندری سطح بلند ہوئی اور دیگر وجوہات نے آبی جنگلات کی بقاء کو خطرے سے دوچار کیا۔
منصوبے کے تحت دیہاتیوں نے 2013ء میں محکمہ جنگلات سندھ کے ساتھ مل کر ایک ہی دن میں ندیوں کے ساتھ 8 لاکھ آبی پودے لگائے تھے جسے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے سراہا تھا۔ محکمہ جنگلات اور مقامی آبادیوں نے اس کے بعد بھی کئی آبی پودے لگائے تھے۔