سوات میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ فراہمی، مینگورہ میں ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا فیصلہ

682

اسلام آباد: وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے سوات کے دور دراز علاقوں میں 78 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ فراہمی اور مینگورہ میں 22 ہزار مربع فٹ پر جدید ترین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے لیے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق اور وزیر مواصلات مراد سعید نے شرکت کی۔ سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، ممبر آئی ٹی سید جنید امام، چیف ایگزیکٹیو یونیورسل سروس فنڈ حارث محمود، ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ عثمان ناصر سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ سوات جیسے جنت نظیر علاقے کو ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرنے کیلئے ٹیکنالوجی سے متعلق تمام سہولیات سے آراستہ کریں، اس خواب کی تعبیر آج ہو رہی ہے جب ہم سوات کے انتہائی دشوار گزار اور دور دراز کے علاقوں کو بھی ڈیجیٹل ورلڈ سے منسلک کرتے ہوئے 78 کروڑ روپے کی لاگت سے ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وادی سوات کی مجموعی آبادی 25 لاکھ 22 ہزار 534 نفوس پر مشتمل ہے جس میں سے اس پراجیکٹ کے تحت 65 ہزار 695 افراد کو ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز فراہم ہوں گی۔

سید امین الحق کا کہنا تھا کہ سوات کے مجموعی رقبہ پانچ ہزار 337 مربع کلومیٹر میں سے ایک ہزار 501 مربع کلومیٹر کے وسیع علاقے میں 50 گاؤں کے مکینوں کو سہولیات کی فراہمی ایک چیلنج تھا کیونکہ پہاڑوں اور دشوار گزار راستوں پر کہیں 100 لوگ بستے ہیں کہیں ہزار یا پانچ سو، اس لیے اس پراجیکٹ کے تحت ایک وسیع لیکن کٹھن علاقے کو ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی یونیورسل سروس فنڈ کا اہم کارنامہ ہے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ دوسرے منصوبے کے تحت سوات کے علاقہ مینگورہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جا رہا ہے، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ورٹیکس سافٹ کے اشتراک سے 22 ہزار مربع فٹ رقبہ پر مشتمل اس سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قیام سے سوات اور مالاکنڈ ڈویژن کے ہزاروں ہنرمند نوجوان خاص طور پر چھوٹے اور متوسط انٹرپرائزز کو ایک چھت تلے تمام سہولیات ملیں گی۔

انھوں نے کہا کہ یہ ابتداء ہے، ہماری خواہش ہے کہ اس حسین ترین خطے کے نوجوانوں کو باعزت اور پرکشش منافع کمانے کے حسین مواقع بھی فراہم کیے جائیں۔ سافٹ ویئر پارک میں 500 سے زائد ہنرمند اپنا سیٹ اپ قائم کر سکیں گے، اس طرح منسلک افراد سمیت تقریبا دو ہزار افراد کو براہ راست روزگار میسر آئے گا۔

سید امین الحق نے کہا کہ ملک بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے تیزی سے کام  جاری ہے، رواں سال کے آخر تک ٹیکنالوجی پارکس کی تعداد 25 سے زائد ہو جائے گی۔ رواں مالی سال میں 45 فیصد اضافے سے آئی ٹی ایکسپورٹس ایک ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ چکی ہیں جبکہ 2023 تک پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر ہے۔

تقریب سے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید خطاب میں کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے وزارت آئی ٹی جس طرح کے اقدامات کر رہی ہے وہ قابل ستائش ہیں۔ ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور میں سوات کے مکینوں کو آئی ٹی و ٹیلی کام کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی سے انہیں اپنی قابلیت اور صلاحیتیں دنیا کو دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔

قبل ازیں ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے معاہدے پر یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری اور ٹیلی نار کے چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسر کمال احمد نے دستخط کیئے۔

مینگورہ میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر اور ورٹیکس سافٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عبدالعزیز نے دستخط کیے، اس موقع پر عثمان ناصر نے بتایا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی کی ہدایت پر ہماری اولین ترجیح ملک بھر میں ٹیکنالوجی پارکس کا جال بچھانے اور آئی ٹی ایکسپورٹ کو ریکارڈ سطح تک لے جانے پر مرکوز ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here