ریاض: سعودی عرب کی خام تیل کی برآمدات میں رواں سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران 6.6 فیصد اضافے سے اس کی آمدنی میں 9.05 ارب ریال کا اضافہ ہوا ہے۔
ایک سعودی اخبار نے محکمہ شماریات کے حوالے سے بتایا کہ رواں جنوری تا مارچ 2021ء کے دوران اوپیک کی جانب سے پیداوار میں کمی ے فیصلے اور عالمی مارکیٹ میں فروخت میں گراوٹ کے باوجود خام تیل کی برآمدات میں 6.6 فیصد اضافے سے آمدنی میں 9.05 ارب ریال اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پہلی سہ ماہی کے دوران تیل کے ماسوا سعودی عرب کی دیگر برآمدات میں بھی 23.1 فیصد کا اضافہ ہوا جس سے 59.9 ارب ریال (16 ارب ڈالر) کی آمدنی ہوئی جبکہ 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں خام تیل کے ماسوا برآمدات سے 48.7 ارب ریال کی آمدنی ہوئی تھی۔
سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں کل برآمدات 28.2 فیصد بڑھیں، 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں اس کا تناسب 25.4 فیصد تھا۔
درآمدات کی مد میں رواں سال سب سے زیادہ سامان جدہ بندرگاہ کے راستے آیا جس کا حجم 39.7 ارب ریال رہا جو کل درآمدات کا 28.9 فیصد ہے۔ دمام کی کنگ عبدالعزیز بندرگاہ کا حصہ درآمدات میں 18.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض کا حصہ 12.8 فیصد، البطحا سرحدی چوکی کا حصہ 7.0 فیصد جبکہ کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دمام کا حصہ 6.9 فیصد رہا۔ ان پانچوں راستوں سے سعودی عرب کی کل درآمدات کا 73.8 فیصد حصہ آیا۔