کراچی: بینک دولت پاکستان (ایس بی پی) نے نئی قائم ہونے والی کمپنیوں (startup) کو بیرونِ ملک سے فنانسنگ جمع کرنے میں سہولت دینے کی غرض سے انہیں کنورٹیبل ڈیٹ (Convertible Debt) کے طور پر حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
مرکزی بینک سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کنورٹیبل ڈیٹ فنانسنگ کی ایک قسم ہے جس میں یہ آپشن ہوتا ہے کہ بعض شرائط و ضوابط کے تحت اسے قرضہ لینے والی کمپنی کے ایکویٹی شیئرز میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
ان تازہ ترین ہدایات سے قبل کاروباری اداروں کو اجازت تھی کہ وہ بیرونِ ملک سے بیرونی کرنسی میں قرضے فارن ایکسچینج مینوئل کے چیپٹر 19 میں بتائے گئے پیرامیٹرز کے تحت حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم قرضے کو مقروض کمپنی کی ایکویٹی میں تبدیل کرنے کا آپشن فراہم کرنے والی ایسی کوئی مخصوص کیٹیگری نہیں تھی۔
توقع ہے کہ سٹیٹ بینک کے اقدام سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ اس طرح بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں آپریٹ کرنے والی نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا ایک اور آپشن فراہم ہو جائے گا۔
غیر ملکی سرمایہ کار جو ابتدائی مراحل میں نئی کمپنی (Start up) کی ایکویٹی میں سرمایہ کاری سے ہچکچاتے ہیں، وہ اس زمرے کے تحت فنانسنگ مہیا کر کے بعد میں کسی مرحلے پر ایکویٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔