کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہی کاروباری روز کے دوران ایک ارب 56 کروڑ شئیرز کا کاروبار ہوا۔
اس حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 1244 ملین شئیرز کا کاروبار ہوا جو سٹاک مارکیٹ کی تاریخ میں ایک دن کا سب سے بڑا کاروبار ہے، اس دوران سابق تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔‘
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) May 26, 2021
شہباز گل نے مزید کہا کہ ’کاروباری دن کے اختتام پر شئیرز کی خریدوفروخت کا حجم 1560 ملین تک پہنچ گیا، یہ ایک ریکارڈ ہے۔‘
New daily traded volume record set on the pakistan stock exchange. Today's volume exceeded previous record by 39 %. Market reacting to signs of sustained recovery. The successful containment of the covid 3rd wave..Though risk still remains.. Also adding to positive sentiment
— Asad Umar (@Asad_Umar) May 26, 2021
اس حوالے سے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ’پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک دن میں تجارتی حجم کا نیا ریکارڈ بن گیا، آج شئیرز کا کاروباری حجم سابق تمام ریکارڈز سے 39 فیصد زیادہ رہا، مارکیٹ بہتری کے اشاریوں پر مثبت ردعمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ کورونا کی تیسری لہر کو کامیابی سے محدود کرنے کی وجہ سے بھی مارکیٹ پر مثبت اثر پڑا ہے۔‘
بدھ کو پی ایس ایکس میں کاروباری حجم کی وجہ سے رواں سال فروری میں ہونے والے کاروبار کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ 11 فروری کو ایک ارب 12 کروڑ شیئرز کے سودے 35 ارب روپے میں طے ہوئے تھے لیکن بدھ کے کاروباری دن کے دوران 17.6 ارب روپے مالیت کے سودے ہوئے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 511 پوائنٹس یا 1.11 فیصد اضافے کے ساتھ 46 ہزار 812 پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ مجموعی طور پر 390 کمپنیوں کے اسٹاکس کا کاروبار ہوا جن میں سے 251 کمپنیوں کے شئیرز کی قیمت میں بہتری آئی، 124 کمپنیوں کے شئیرز تنزلی کا شکار ہوئے اور 15 کی قیمتیں برقرار رہیں۔
بدھ کو ہونے والے مجموعی کاروبار میں سے نصف شئیرز ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ کے فروخت ہوئے جن کا حجم 707 ملین ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد ہم نیٹ ورک لمیٹڈ کے 112.4 ملین، یونٹی فوڈز 45.1 ملین، بائیکو پٹرولیم 36.8 ملین اور پی آئی اے کارپوریشن کے 36.5ملین شئیرز فروخت ہوئے۔