ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی کابینہ کا پیپرلیس اجلاس منعقد

916

اسلام آباد: ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا عملی نمونہ پیش کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی کابینہ کا پیپرلیس اجلاس منعقد کیا گیا۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع ہوا تو وزراء کے سامنے میز پر کاغذی فائلوں کی بجائے ڈیجیٹل ٹیبلٹس موجود تھے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ’آج پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کابینہ کا اجلاس پیپرلیس ہوا ہے۔‘

نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی ٹی بی کا تیار کردہ ڈیجیٹل “کابینہ پورٹل” گورننس میں جدت اور بہتری لانے کے ساتھ ساتھ کابینہ اراکین کے قیمتی وقت کو بچانے میں بھی معاون ثابت ہو گا، پورٹل کی مدد سے کابینہ اجلاس میں کاغذ کا استعمال ختم ہو گا جو کہ پاکستان کے مستقبل کے لئے خوش آئند ہے۔

نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)  صباحت علی شاہ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے پیپرلیس اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈیجیٹل ٹیبلٹس کا استعمال کیا گیا، یہ کابینہ کی کارروائی کی ڈیجیٹل آٹومیشن کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔‘

کابینہ کا یہ اجلاس ڈیجیٹل آٹومیشن کی جانب واقعی پہلا لیکن بہت بڑا قدم ہے جس کی تقلید کرکے دیگر سرکاری محکمے ڈیجیٹل پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی و صوبائی کابینہ سمیت سرکاری محکموں کے سالانہ منعقد ہونے والے سینکڑوں اجلاسوں میں کاغذ کے استعمال اور پرنٹنگ پر کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں جس کا بوجھ ٹیکس دہندگان پر پڑتا ہے، تاہم ڈیجیٹلائزیشن کے عمل سے ان اخراجات کو ختم کیا جا سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here