پاکستان کا سب سے بڑا ڈیجیٹل بینک، تین ماہ میں 27 ارب کے قرضے فراہم کیے

جنوری تا مارچ 2021ء تک ڈیپازٹس کا حجم 48 ارب تک پہنچ گیا، خالص ریونیو ایک ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے، قبل از ٹیکس منافع 49 کروڑ روپے تک بڑھ گیا

1226

اسلام آباد: پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ ( ایم ایم بی ایل) کے خالص ریونیو میں 70 فیصد جبکہ قبل از ٹیکس آمدن میں 1390 فیصد نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق رواں سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) میں بینک کا خالص ریونیو ایک ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ قبل از ٹیکس منافع 49 کروڑ روپے تک بڑھ گیا جو سال 2020 کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں بالترتیب 70 فیصد اور 1390 فیصد زیادہ ہے۔

مزید برآں رواں سال کے پہلے تین ماہ کے خاتمہ تک موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے قرضوں کی فراہمی کا حجم 27 ارب 40 کروڑ روپے جبکہ ڈیپازٹس کا حجم 48 ارب 80 کروڑ روپے تک بڑھ گیا۔

موبی لنک مائیکرو فنانس بینک کے چیف فنانس اینڈ ڈیجیٹل آفیسر سردار محمد ابوبکر نے کہا ہے کہ موبی لنک مائیکرو فنانس بینک پاکستان میں مالیات کے شعبہ کی خدمات میں انقلابی تبدیلیوں کے راستے پر گامزن ہے، بینک نے گزشتہ چار سہ ماہیوں میں اس حوالہ سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن کا تسلسل 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران بھی جاری رہا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم ملک بھر میں اپنے کسٹمرز کیلئے جدت کی بنیاد پر نئی خدمات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔ بینک ملک میں مالیات تک رسائی کی شرح میں اضافہ کے اقدامات جاری رکھے گا جس سے پاکستان کے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے گی۔

محمد ابوبکر نے مزید کہا کہ موبی لنک مائیکرو فنانس بینک خصوصی طور پر خواتین کی مالیات کے شعبہ کی خدمات تک رسائی میں آسانی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلہ میں دور دراز علاقوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here