لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فرق دور کرنے کے حوالے سے قائم خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کو 15 فیصد اور 10 فیصد سپیشل الاﺅنس دینے کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے 25 فیصد سپیشل الاﺅنس دینے کی ہدایت کر دی۔
پنجاب حکومت کے گریڈ 1 سے 19 تک کے وہ ملازمین، جن کو تنخواہ کے علاوہ کوئی الاؤنس نہیں ملتا تھا، انہیں ہم نے اگلے ماہ سے 25 فیصد ماہانہ سپیشل الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مختلف محکموں میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم ہو اور ان کی معاشی حالت میں بہتری آئے۔
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) May 20, 2021
وزیراعلیٰ بزدار نے کہا کہ گریڈ 1 سے گریڈ 19 تک سات لاکھ 21 ہزار سے زائد صوبائی ملازمین کو سپیشل الاﺅنس دیا جائے گا جو جون 2021ء سے تنخواہوں میں شامل کر دیا جائے گا تاہم پہلے سے سپیشل/ایگزیکٹو الاﺅنس حاصل کرنے والے ملازمین مستفید نہیں ہو سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سرکاری ملازمین ہمارے دست و بازوہیں، ان کے مسائل کا بھرپور احساس ہے، بجٹ میں بھی صوبائی ملازمین کیلئے خوشخبری ہو گی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، سید حسین جہانیاں گردیزی، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس و دیگر حکام نے شرکت کی۔