اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کا چئیرمین مقرر کر دیا گیا۔
آٹھ رکنی کمیٹی کے اس سے قبل سربراہ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ تھے جنہیں عہدے سے ہٹا کر حماد اظہر کو وزیر خزانہ بنایا گیا تھا اور چند روز بعد شوکت ترین کو وزارت خزانہ کا قلمدان سونپ دیا گیا، اب وہ ایکنک کی سربراہی بھی کریں گے۔
کمیٹی کے دیگر ارکان میں تبدیلی نہیں کی جائے گی، ان ارکان میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر صنعت مخدوم خسرو بختیار اور وزیر توانائی حماد اظہر وفاقی حکومت کی نمائندگی کریں گے۔
ایکنک چار صوبائی ارکان کو بھی شامل کرے گی جن میں وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت، سندھ سے نثار احمد کھوڑو، وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور بلوچستان کے وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس نوابزادہ طارق خان مگسی شامل ہوں گے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد کے علاوہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، وزارت اقتصادی امور، وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ کے سیکریٹریز کو بھی ایکنگ کے اجلاسوں میں دعوت دی جائے گی جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ حکومتِ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔