اسلام آباد/کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کراچی سے ژوب ہفتہ وار دو پرواز وں کا آغاز کر دیا۔
قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے منگل کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی سے پہلی پرواز ژوب کیلئے روانہ ہوئی تو پرواز کی روانگی سے قبل افتتاحی تقریب منعقد کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔
مسافروں کو پی آئی اے کی جانب سے ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے فیصل کھرل، پی آئی اے ائیرپورٹ منیجر احمد عالم اور پی آئی اے کے سینئر افسران نے رخصت کیا۔ ژوب کیلئے پرواز کے آغاز پر مسافروں نے پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک اور ایئر لائن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
سربراہ پی آئی اے کی خصوصی ہدایت پر ان پروازوں کا آغاز کیا گیا ہے، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ مسافروں کو بہترین سروس فراہم کی جائیں-
ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے کہا ہے کہ پرواز کے آغاز سے ژوب اور کراچی کے شہریوں اور کاروباری برادری کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔ پی آئی اے کراچی اور ژوب کے درمیان ہر منگل اور جمعہ کو فلائٹ آپریٹ کرے گی۔
دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اندرون ملک پروازوں پر مسافروں سے 600 روپے اضافی چارج کرے گی جو ٹکٹ لیتے وقت مسافروں سے لیے جائیں گے۔
مسافروں سے ایک سو روپے سکیورٹی کی مد میں جبکہ 500 روپے امبارکیشن فیس کی مد میں لیے جائیں گے، اس حوالے سے تمام ائیرلائنز کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
اندرون ملک پروازیں چلانے والی تمام ائیرلائنز مسافروں کو ٹکٹ فروخت کرتے ہوئے مذکورہ فیس چارج کریں گی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو جمع کروانے کی پابند ہوں گی۔