رواں سال پاکستان میں جرمنی کی سرمایہ کاری میں 6 فیصد کمی

جولائی سے مارچ 2021ء تک جرمنی کی سرمایہ کاری کا حجم چار کروڑ 44 لاکھ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں چار کروڑ 71 لاکھ ڈالرسرمایہ کاری کی گئی تھی

811

اسلام آباد: پاکستان میں جرمنی کی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں پاکستان میں جرمنی کی سرمایہ کاری کا حجم چار کروڑ 44 لاکھ ریکارڈکیا گیا۔

سرمایہ کی یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے مقابلہ میں 6.08 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان میں جرمنی کی سرمایہ کاری کا حجم چار کروڑ 71 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جاری مالی سال میں جرمنی کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم منفی 11 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم 9 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

مارچ 2021ء میں پاکستان میں جرمنی کی سرمایہ کاری کا حجم 66 لاکھ ڈالر اور پورٹ فولیو سرمایہ کاری کا حجم ایک لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال کی تین سہ ماہیوں کے دوران مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 52.6 فیصد جبکہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 35.1 فیصد کمی ہوئی ہے۔

گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں 2.150  ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 1.395 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here