تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ، دو عالمی مالیاتی ادارے 69 کروڑ ڈالر فراہم کریں گے

اس منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگا واٹ ہے، 2024ء کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی اور یہ نیشنل گرڈ کو سالانہ ایک ارب 34 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا

1232

لاہور: تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے عالمی بینک 39 کروڑ ڈالر (59 ارب 37 کروڑ 75 لاکھ روپے) جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 30  کروڑ ڈالر (45 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ روپے) فراہم کریں گے۔

منگل کے روز چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے سائٹ پر تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

منصوبے کے سول ورکس کا کنٹریکٹ گزشتہ ہفتے ایک چینی فرم کو دیا گیا گیا ہے اور اِس پر تعمیراتی کام جولائی 2021ء میں شروع ہو گا۔

چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں ٹنل نمبر 5 ، پاور ہائوس اور سوئچ یارڈ کی سائٹس اور پاور ہائوس کی اِن ٹیک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اِس دوران انہیں کنٹریکٹر کی سائٹ پر موبلائزیشن اور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے:

تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا ٹھیکہ چینی کمپنی کو مل گیا

پنجاب میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کیلئے محکمہ آبپاشی اور نیسپاک کے درمیان معاہدہ طے

ممبر واٹر واپڈا عبدالظاہر خان درانی، ممبر پاور واپڈا جمیل اختر، ایڈوائزر ناصر حنیف، پراجیکٹ انتظامیہ اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی اِس دوران موجود تھے۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کا ایک اور اہم منصوبہ ہے جسے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کی ترجیحی حکمت عملی کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اِس حکمت عملی کا مقصد ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو مقابی آبی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سستی اور ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے پورا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کے دس زیر تعمیر بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ سال 2022ء سے 2028-29ء کے دوران آٹھ سال کی مدت میں اِن منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے نیشنل گرڈ میں 9 ہزار میگاواٹ سے زائد پن بجلی شامل ہو گی اور ملک میں پن بجلی کی پیداواری صلاحیت دو گنا ہو جائے گی۔

چیئرمین واپڈا نے مزید کہا کہ نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے اِس اضافہ سے بجلی کی قیمت میں استحکام آئے گا اور تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہو گا۔

انہوں نے پانچویں توسیعی منصوبے کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مقررہ اہداف کو ہر صورت مدِ نظر رکھا جائے اور منصوبے کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

منصوبے کا منظور شدہ پی سی وَن 80 کروڑ 70 لاکھ  ڈالر ( ایک کھرب 22 ارب 86 کروڑ 57 لاکھ 50 ہزار روپے) پر مشتمل ہے۔ عالمی بنک منصوبے کیلئے 39 کروڑ ڈالر (59 ارب 37 کروڑ 75 لاکھ روپے) جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 30  کروڑ ڈالر (45 ارب 67 کروڑ 50 لاکھ روپے) مہیا کرے گا۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ ڈیم کی ٹنل نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں، ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510 میگا واٹ ہے جبکہ منصوبے کی مجموعی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگا واٹ ہے۔

منصوبے سے 2024ء کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی اور یہ ہر سال نیشنل گرڈ کو ایک ارب 34 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت چار ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر چھ ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here