’چینی مافیا کو کسی صورت این آر او نہیں دیا جا سکتا‘

جہانگیر ترین کہہ رہے ہیں ان کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا، میں نے آج تک کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی، شوگر سکینڈل تحقیقات میں کسی سے ناانصافی نہیں ہو گی لیکن کسی سے رعایت بھی نہیں ہو گی، وزیراعظم عمران خان

799

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک طور پر کہا ہے کہ چینی مافیا کو کسی صورت این آر او نہیں دیا جا سکتا، شوگر ملز مالکان کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔

اتوار کو ٹی وی پر “آپ کا وزیراعظم، آپ کے ساتھ ” پروگرام میں براہ راست عوام کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کی تمام شوگر ملز طاقتور طبقہ کی ہیں جو کارٹل بنا لیتے ہیں اور اپنے مفادات کے لئے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کہہ رہے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا، میں نے آج تک کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی۔ چینی کے معاملے میں تحقیقات کے حوالے سے کسی سے ناانصافی نہیں ہو گی لیکن کسی سے رعایت بھی نہیں ہو گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ قوموں کی ترقی کا راز قانون کی بالادستی ہے، غریب ملکوں سے سالانہ ایک ہزار ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے کیونکہ طاقتور حکمران کرپشن اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، حکمرانوں کی کرپشن سے ملک تباہ ہو جاتا ہے، ہماری حکومت بھی مافیاز اور طاقتور طبقے کے خلاف لڑ رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ کہا کہ این آر او نہیں دیں گے کیونکہ انہیں خوف خدا ہے، چھوٹے ڈاکو سے لوگ تنگ ہوتے ہیں لیکن ملک تباہ نہیں ہوتا۔ شہباز شریف پر 700 ارب روپے منی لانڈرنگ کا کیس ہے اور بھی کرپشن کے کئی کیسز عدالت میں زیرسماعت ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، ماضی میں وزراء سرکاری زمینوں پر قبضے کرتے رہے، اب تک 21 ہزار ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرا لی ہے۔

ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ بڑے شہروں میں پینے کے پانی کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے، شہروں میں آبادی کا تناسب بڑھنے سے پانی کی طلب میں اضافہ ہوا، اسلام آباد میں پینے کے پانی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وبا کے باعث مہنگائی دنیا بھر کا مسئلہ ہے، دنیا میں اشائے خوردونوش اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ وزیر خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ مہنگائی اور اشیاء کی قیمتوں میں کمی کریں، حکومت ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قوم کے تعاون سے کورونا کی تیسری لہر سے بہتر طور پر نبرد آزما ہو رہے ہیں، بھارت، بنگلہ دیش، نیپال اور خطے کے دیگر مملک میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، بھارت میں صورت حال افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جتنی احتیاط کریں گے اتنی ہی جلدی اس وبا پر قابو پا لیں گے، عوام کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، لوگوں سے اپیل ہے کہ عید کی چھٹیوں میں ماسک کا استعمال ضرور کریں، ماسک کے استعمال سے وائرس کے پھیلاﺅ میں 50 فیصد کمی آئی ہے، لاک ڈاﺅن کا بڑا نقصان غریب طبقہ کو ہوتا ہے، کوشش کر رہے ہیں پاکستان میں کورونا ویکسین تیار کی جائے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here