پاکستان اور سعودی عرب میں سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کا معاہدہ

سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ 50 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا، انسداد منشیات، قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے بھی معاہدوں پر دستخط

680
تصویر: ٹویٹر

جدہ: پاکستان اور سعودی عرب نے سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے جبکہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈٗ پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران ہفتہ کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے جدہ میں ملاقات کی اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خومختاری کے لئے پاکستان کے تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے حرمین شریفین کی سرزمین سے اہل پاکستان کی عزت اور تکریم سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں راہنمائوں نے باہمی سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور سلامتی سے متعلق امور سے متعلق موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری، توانائی کے شعبہ میں تعاون اور پاکستانیوں کے لئے سعودی عرب میں ملازمتوں کے مواقع بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔

Image
تصویر: ٹویٹر

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے حال ہی میں شروع کی گئی سرسبز سعودی عرب اور مشرق وسطی مہم کو سراہا اور توقع ظاہر کی اس ویژن کو پاکستان میں دس ارب ٹری سونامی منصوبے میں باہمی تعاون سے تقویت ملے گی۔

سعودی عرب میں 20 لاکھ سے زائد پاکستانی تارکین وطن کے مثبت اور تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے دونوں راہنمائوں نے انسانی وسائل کے شعبہ میں تعاون سے زیادہ سے زیادہ باہمی فوائد اٹھانے کے حوالے سے بھی پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے کووڈ 19 کے دوران سعودی عرب میں پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر سعودی قیادت کا شکریہ اداکیا۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد نے ’سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کیلئے معاہدے پر بھی دستخط کیے، اس کونسل کی سربراہی وزیرِاعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد مشترکہ طور پر کریں گے، اس کے قیام کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کی ترقی کو تزویراتی سمت دینا ہے۔

Image
تصویر: ٹویٹر

دونوں رہنمائوں نے جرائم سے نمٹنے، سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے، منشیات اور ممنوعہ کیمیکلز کی سمگلنگ کے حوالے سے معاہدوں کے علاوہ 500 ملین ڈالرز کے توانائی، پن بجلی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن، اور آبی وسائل کی ترقی کے حوالے سے منصوبوں کی فنانسنگ کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں کے فریم ورک پر بھی دستخط  کیے۔

بعد ازاں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں ان کی کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے۔

وزیر خارجہ نے کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور جو گرم جوشی دکھائی دے رہی تھی اس سے مستقبل کی راہوں کا تعین واضح دکھائی دیتا ہے، ولی عہد خود وزیراعظم عمران خان کا خیر مقدم کرنے کیلئے تشریف لائے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہماری ایک چھوٹے گروپ کی صورت ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں وزیراعظم، آرمی چیف اور میں موجود تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کی رو سے دونوں ممالک کے مابین ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے تحت مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک سٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، ولی عہد نے وژن 2030ء کے خدوخال سے تفصیلاً آگاہ کیا، اس وژن کیلئے انہیں اگلے دس سال کے دوران ایک کروڑ افرادی قوت درکار ہو گی، اس ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا، روزگار کے حوالے سے یہ پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی خبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، ایک معاہدہ کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا، دو معاہدے قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دستخط کئے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دو معاہدوں پر انہوں نے دستخط کئے، ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا جبکہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ پاکستان کو 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا جسے پاکستان میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور کے فروغ کیلئے خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے او آئی سی اور اس کی آئندہ سمت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کر لی۔ عید کے بعد ولی عہد اور سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے خدوخال طے کرنے کیلئے سعودی افسران کا وفد پاکستان تشریف لائے گا۔ مجموعی طور پر یہ دورہ انتہائی سود مند رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here