روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے یومیہ نئے کھاتہ داروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

29 اپریل کو ایک ہزار304، 30 اپریل کو ایک ہزار 97، تین مئی کو دو ہزار 965، چار مئی کو دو ہزار 204، پانچ مئی کو ایک ہزار 872 اور چھ مئی کو ایک ہزار 563 نئے اکائونٹس کھولے گئے: سٹیٹ  بینک

772

اسلام آباد: روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ڈیپازٹس کا حجم ایک ارب ڈالر ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد سے آر ڈی اے کے یومیہ نئے کھاتہ داروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے آغاز سے لے کر اب تک سمندر پار پاکستانیوں نے وزیراعظم کی ہدایت پر سٹیٹ بینک کی جانب سے شروع کردہ اس سکیم کو زبردست پذیرائی بخشی ہے۔

29 اپریل 2021ء کو روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ڈیپازٹس کا حجم ایک ارب ڈالر پہنچنے کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی تھی جس کے بعد سے نئے اکائونٹس کھولنے کی یومیہ شرح میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے۔

ترجمان سٹیٹ بینک نے اس حوالہ سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم اپریل سے 28 اپریل کے درمیان یومیہ اکائونٹس کی تعداد 857 تک پہنچی تھی تاہم وزیراعظم کے خطاب کے بعد سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اس سکیم میں شمولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق 29 اپریل کو ایک ہزار 304، 30 اپریل کو ایک ہزار 97، تین مئی کو دو ہزار 965، چار مئی کو  دو ہزار 204، پانچ مئی کو ایک ہزار 872 اور چھ مئی کو ایک ہزار 563 نئے اکائونٹس کھولے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے مذکورہ تقریب سے خطاب کے دوران اعتماد کا اظہار کرنے پر سمندر پار مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا تھا، انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ضمن میں سٹیٹ بینک اور دیگر بینکوں کی کوششوں کو بھی سراہا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here