تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کا ٹھیکہ چینی کمپنی کو مل گیا

توسیعی منصوبے کے تینوں یونٹس کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، اس سے 2024ء تک قومی گرڈ کو سالانہ ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کی جائے گی

873

لاہور: واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کے سول ورکس کیلئے 35 کروڑ 46 لاکھ ڈالر مالیت کا کنٹریکٹ جاری کر دیا۔

یہ کنٹریکٹ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا کو بین الاقوامی بِڈنگ کے بعد دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے چیئرمین واپڈا مزمل حسین اور کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بن حسائن کی موجودگی  میں پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد اعظم جوئیہ اور چین کمپنی کے نمائندے لنگ جیان نے معاہدے پر دستخط کئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ اتھارٹی اِس وقت تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے سمیت پانی اور پن بجلی کے دس منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن کی تکمیل سے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی اور قومی گرڈ میں سستی اور ماحول دوست بجلی کے تناسب میں بھی اضافہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے:

بلوچستان کے 9 اضلاع میں 16 چھوٹے ڈیم بنانے کا فیصلہ

پنجاب میں 2024ء تک پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی

چینی کمپنی پاکستان میں پن بجلی منصوبے کیلئے 2.4 ڈالر سرمایہ کاری کریگی

اقتصادی استحکام اور معاشرتی ترقی میں تربیلا ڈیم کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ’ہم اِس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔

تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے، منصوبے کا منظور شدہ پی سی وَن 80 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کا ہے، منصوبے کیلئے ورلڈ بینک 39 کروڑ ڈالر اور جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 30 کروڑ ڈالر مہیا کرے گا۔

اس توسیعی منصوبے کے تینوں یونٹس کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، منصوبے سے 2024ء کے وسط تک بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی اور  قومی گرڈ کو سالانہ ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کی جائے گی۔

تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت چار ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر چھ ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here