پاکستان اور مغربی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارتی حجم 11 ارب ڈالر سے بڑھ گیا

9 ماہ میں پاکستان نے سعودی عرب، بحرین، کویت، اردن، ترکی، متحدہ عرب امارات کو 2 ارب 14 کروڑ ڈالر کی برآمدات کیں جبکہ درآمدات کا حجم 9 ارب 51 کروڑ ڈالر رہا

636

اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب، بحرین، کویت، اردن، ترکی، متحدہ عرب امارات اور مغربی ایشیا کے دیگرممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔

رواں مالی سال کے دوران پاکستان اور مغربی ایشیاء کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 11 ارب 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 11 ارب 65 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں سعودی عرب، بحرین، کویت، اردن، ترکی، متحدہ عرب امارات اور مغربی ایشیا کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 14 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:

پاکستان کی خطے کے 9 ممالک کو برآمدات میں 5.7 فیصد کمی

رواں مالی سال کے دوران جاپان کو پاکستانی برآمدات میں 47 فیصد اضافہ ہوا

10 ماہ میں پاکستان کی برآمدات 13 فیصد اضافے سے 20 ارب ڈالر سے متجاوز

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں (جولائی تا مارچ) کے مقابلہ میں 8.05 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں مغربی ایشیا کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم دو ارب 31 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مارچ 2021ء کے دوران مغربی ایشیائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 26 کروڑ 88 لاکھ 40 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ سال مارچ میں 26 کروڑ 62 لاکھ 30 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مالی سال 2020ء کے دوران مغربی ایشیا کے ممالک کو برآمدات سے پاکستان کو دو ارب 97 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں میں سعودی عرب، بحرین، کویت، اردن، ترکی، متحدہ عرب امارات اور مغربی ایشیا کے دیگر ممالک سے درآمدات کا حجم 9 ارب 51 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران مغربی ایشیائی ممالک سے درآمدات کے مقابلہ میں 2.62 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 9 ارب 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا تھا۔

مارچ 2021ء کے دوران ان ممالک سے درآمدات کا حجم ایک ارب 38 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جبکہ گزشتہ سال مارچ میں 85 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here