حیدرآباد: جام شورو تھرمل پاور ہائوس نے آکسیجن بنانے کا عمل شروع کر دیا جو سندھ کے ہسپتالوں کو فراہم کی جائے گی۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر میڈیکل آکسیجن کی ممکنہ کمی کو دور کرنے کے لیے جام شورو تھرمل پاور کمپنی نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے معیار کے مطابق آکسیجن کی تیاری کا کام شروع کر دیا ہے۔
جام شورو تھرمل پاور ہائوس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تنویر احمد جعفری نے بتایا کہ جام شورو تھرمل پاور ہائوس میں تین پاور پلانٹ جینکو وَن ، ٹو اور تھری ہیں جہاں ہائیڈرجن گیس سے آکسیجن تیار کر سکتے ہیں جو ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ جام شورو تھرمل پاور ہائوس نے طبی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہو ئے آکسیجن کی تیاری کا عمل شروع کیا ہے جو 99.5 فیصد معیاری ہو گئی، اسے مختلف مراحل سے گزار کر کثافت سے پاک کیا جاتا اور انسانی استعمال کے قابل بنایا جاتا ہے تاکہ کووڈ 19 کے مریضوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔