واشنگٹن: امریکی ٹیلی کام کمپنی ویری زون (Verizon Media) نے سرچ انجن یاہو اور اے او ایل کو پانچ ارب ڈالر کے عوض ایک پرائیویٹ ایکویٹی فرم کو بیچنے کا اعلان کیا ہے۔
مذکورہ سودا ایکویٹی فرم اپالو گلوبل منیجمنٹ کے ساتھ طے پایا ہے جس کے تحت یاہو، اے او ایل اور ایڈورٹائزنگ اور ٹیک آپریشنز سمیت ویری زون کا تمام میڈیا یونٹ خریدا جائے گا۔
ویری زون سودے کے تحت یاہو میں 10 فیصد حصص باقی رکھ سکے گی۔ ویری زون نے 2017 میں یاہو کو 4.5 ارب ڈالر اور اے او ایل کو 2015ء میں خریدا تھا، گزشتہ کئی سال سے مسابقتی مارکیٹ میں یاہو کو گوگل اور فیس بک سے سخت مسابقت کا سامنا ہے۔