عیدالفطر سے قبل اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، ناجائز منافع خوروں کی کڑی نگرانی کی ہدایت

شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، صوبائی حکومتوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ ریلیز یقینی بنانے کی بھی ہدایت

463

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے صوبائی حکومتوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ ریلیز یقینی بنانے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

گزشتہ روز نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس میں گزشتہ ہفتہ کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء بالخصوص آٹا، چینی، خوردنی تیل، چکن اور سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ ہفتہ رفتہ میں 9 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 30 کی قیمتوں میں استحکام رہا، پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے کمیٹی کو ڈیٹا حاصل کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور ضروری اشیاء کی قیمتوں کے ہول سیل اور ریٹیل قیمت میں فرق کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

کمیٹی نے پاکستان بیورو برائے شماریات کو ڈیٹا حاصل کرنے کے طریقہ کار کا مزید جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ ملک بھر میں ریٹیل اور ہول سیل کی سطح پر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں فرق کے بارے میں درست اعدادوشمار کا حصول ممکن ہو سکے۔ وزیر خزانہ نے پی بی ایس کو ہدایت کی کہ ڈیٹا ملک بھر میں ضروری اشیاء کی قیمتوں بشمول رمضان بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کا عکاس ہونا چاہئیے۔

سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک بھر میں گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں، رواں سال میں سٹرٹیجک ذخائر کیلئے گندم کی درآمد کیلئے انتظامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں سمری پیش کی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے صوبائی حکومتوں کو رعایتی نرخوں پر گندم کی یومیہ ریلیز یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ آٹا کی قیمتوں کو قابومیں رکھا جا سکے۔ انہوں نے صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ضروری اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی اور ضروری اشیاء کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ صارفین کو عیدالفطر کے خصوصی موقع پر زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

عیدالفطر کی آمد کے تناظر میں وزیر خزانہ نے رمضان کے آخری ہفتہ میں ناجائز منافع خوری اور قیمتوں میں غیرضروری اضافہ کی روک تھام کی کڑی نگرانی اور مربوط کوششوں کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام، معاون خصوصی محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری صنعت و پیداوار، صوبائی چیف سیکرٹریز، ممبر پاکستان بیورو برائے شماریات، ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here