بیجنگ: چین کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہواوے کی سال 2021ء کی پہلی سہ ماہی کی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر 16.5 فیصد کمی ہوئی جس کی وجہ اس کی سروسز پر امریکی پابندیوں کا نفاذ ہے۔
تین ماہ کے دوران کمپنی کی آمدنی 23.4 ارب ڈالر رہی جو 2020ء کے اسی عرصے کے مقابلے میں 16.5 فیصد کم ہے، آمدن میں کمی کی بنیادی وجہ ہواوے پر امریکی پابندیوں کے باعث اس کی مصنوعات کی فروخت میں کمی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے ہواوے کے حوالے سے بتایا کہ کمپنی چین اور امریکا کے درمیان تجارتی کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے، اس پر عائد امریکی پابندیاں دنیا بھر میں اس کی فائیوجی سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
ہواوے کا کہنا ہے کہ رواں سال جنوری سے مارچ کے عرصے میں اس کی آمدنی 152.2 ارب یوآن یعنی 23.4 ارب ڈالر رہی جو سال 2020ء کے پہلے تین ماہ کے مقابلے میں 16.5 فیصد کم ہے۔
ہواوے گروپ کے چیئرمین ایرک شو کا کہنا ہے کہ سال 2021ء ہمارے لیے ایک اور چیلنجنگ سال ہو گا تاہم اس دوران ہم مستقبل کی حکمت عملی بھی ترتیب دیں گے۔