وزیراعظم کا بل گیٹس کیساتھ رابطہ، کووڈ۔19 کی وبا، پولیو، غربت کیخلاف دوطرفہ تعاون پر اتفاق

503

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کوویڈ۔19 سے متعلق چیلنجز کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

بدھ کو وزیراعظم عمران خان نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ بات چیت کے دوران کووڈ۔19 وبا کی تازہ ترین صورت حال، پولیو کے خاتمے کی مہم، صحت، ترقیاتی امور اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پوری دنیا میں کووڈ۔19 کی وبا اور عدم مساوات کا مقابلہ کرنے اور غربت کے خلاف جنگ کے لئے بل اور میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے کام کو سراہا۔

موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بل گیٹس کو لکھے گئے اپنے حالیہ خط کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے اہم منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں 10 بلین ٹری سونامی بھی شامل ہے۔ بل گیٹس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعتراف اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دنیا کو اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے متحد ہونا ہو گا۔

بل گیٹس نے عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ غذائی تحفظ کیلئے انہیں زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کو ترجیح دینی چاہئے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو یہ بھی تجویز پیش کی کہ چھوٹے کسانوں کے لئے عالمی تعاون بڑھانے کی غرض سے شعور اجاگر کرنے کے لئے پاکستان کی منفرد آواز کو بروئے کار لانا چاہئے۔

کووڈ۔19 ویکسین تک مساوی رسائی کے لئے گیٹس فائونڈیشن کی بھرپور وکالت کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نے کم آمدنی والے ملکوں میں ویکیسن کی مساوی اور بروقت فراہمی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پاکستان میں کووڈ۔19، پولیو اور دیگر بیماریوں کے پھیلائو کو فوری طور پر روکنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کوویڈ 19 سے متعلق چیلنجز کے باوجود ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیراعظم نے پولیو سے پاک پاکستان کے حصول کے لئے ملک بھر میں کوششوں کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم اور بل گیٹس نے مشترکہ مقاصد پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here