اسلام آباد: نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) نے جاری مالی سال کے دوران 670 ارب روپے کے ڈیپازٹس حاصل کئے ہیں۔
سی ڈی این ایس کے ایک عہدیدار نے اے پی پی کو بتایا کہ جولائی سے لے کر 25 اپریل 2021ء تک کی مدت میں ڈائریکٹوریٹ کو 670 ارب روپے کے ڈیپازٹس حاصل ہوئے۔
سی ڈی این ایس نے گزشتہ مالی سال کے 352 ارب روپے کے مقابلہ میں جاری مالی سال کیلئے 249 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے رجسٹرڈ پریمئیم بانڈز میں 25 اپریل 2021ء تک 45 ارب روپے کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سالوں میں 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے بانڈز واپس کرنے والوں کو مجموعی طور پر 380 ارب روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 25 ہزار اور 40 ہزار روپے مالیت کے نئے بانڈز سٹیٹ بینک کے پاس رجسٹرڈ ہوتے ہیں اور انہیں سٹیٹ بینک یا رجسٹرڈ مالیاتی ادارہ سے کیش کیا جا سکتا ہے۔
سی ڈی این ایس کے عہدیدار کے مطابق 25 ہزار روپے کے معطل شدہ بانڈز کے عوض 25 اپریل 2021ء تک ان بانڈز میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو 128 ارب روپے کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔