اسلام آباد: سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے خلاف جنگ میں سخت اقدامات کے پیش نظر پاکستان سے تمام مسافر پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
پاکستان کو کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے جس کے باعث یومیہ 4 ہزار سے زائد کورونا وائرس کیسز سامنے آ رہے ہیں جس کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کینیڈا، اومان اور برطانیہ نے پاکستان سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی، جس کے بعد اب سعودی عرب کی طرف سے بھی ایسا ہی اقدام کیا گیا ہے۔
جب سعودی عرب 17 مئی کو اپنی پروازوں کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کرے گا تو 20 ممالک کی پروازوں پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ عرب نیوز کے مطابق ان ممالک میں ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات، جرمنی، امریکہ، انڈونیشنیا، آئرلینڈ، اٹلی، پاکستان، انڈیا، برازیل، پرتگال، برطانیہ، ترکی، ساؤتھ افریقہ، سویڈن، سوئٹزرلینڈ، فرانس، لبنان، جاپان اور مصر شامل ہیں۔
سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ان ممالک کے لیے سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔ سعودی شہری اور اقامہ ہولڈرز آئندہ 72 گھنٹوں میں ملک واپس پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے بعد کسی بھی شہری کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پاکستان، بھارت، سری لنکا، انڈونیشیا اور فلپائن میں رہنے والے سعودی شہریوں کو ملک واپس پہنچنے کا مشورہ دیا گیا ہے کیونکہ ان ممالک سے کوئی پرواز بھی دستیاب نہیں ہو گی۔