سعودی، یونانی حکام نے کروڑوں ڈالر کی منشیات ضبط کر لیں

یونانی بندرگارہ پر لبنان سے سلوواکیہ جانے والی کپ کیک کی مشینوں میں چھپائی گئی چار ٹن حشیش پکڑی گئی، سعودیہ میں لبنانی برآمد کردہ پھلوں اور سبزیوں کی کھیپ سے منشیات برآمد

592

جدہ/ایتھنز: سعودی عرب اور یونان کے سکیورٹی حکام نے لبنان سے بھیجے گئے سامان تجارت میں چھپائی گئی کروڑوں ڈالر کی منشیات ضبط کر لیں۔

یونانی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے سعودی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کے تعاون سے لبنان سے سلوواکیہ جانے والی کپ کیک بنانے والی مشینوں میں چھپائی گئی چار ٹن سے زیادہ حشیش پکڑ لی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق یونان کے مالیاتی جرائم کے سکواڈ کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ملک کی مرکزی بندرگاہ پیریئس میں شپنگ کنٹینر سے منشیات پکڑی گئی ہیں جو کپ کیک بنانے والی مشینوں میں چھپائی گئی تھیں۔

یہ مشینیں 14 اپریل کو سمندر کے راستے پیریئس کی بندرگاہ پہنچائی گئیں تھیں اور انہیں ٹرین کے ذریعے شمالی مقدونیہ، سربیا اور ہنگری کے راستے سلوواکیہ منتقل کیا جانا تھا۔ پکڑی گئ منشیات کی مالیت عالمی مارکیٹ میں 40 لاکھ ڈالر کی لگ بھگ ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب میں کسٹم حکام اور ڈائریکٹریٹ برائے انسداد منشیات نے ایک مشترکہ کارروائی میں لبنان سے پھلوں اور سبزیوں میں چھپا کر لائی گئی منشیات کی بھاری مقدار ضبط کر لی ہے۔

سعودی انسداد منشیات اور کسٹمز حکام نے مشترکہ آپریشن میں لبنان سے آئے پھلوں کی کھیپ کا معائنہ کیا، اسمگلروں نے انار کے پھل کو منشیات کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا تھا، ماضی میں سعودی عرب میں کیپٹاگن نامی منشیات کی 68 اعشاریہ 5 ملین گولیاں قبضے میں لے کر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائی گئیں مگر 24 اپریل 2021ء کو لبنان سے منشیات کی اسمگلنگ کی یہ سب سے بڑی کوشش تھی۔

سعودی کسٹم اور انسداد منشیات کے حکام نے اس سے پہلے بھی لبنان اور دوسرے ملکوں سے سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے، اس بار پھلوں اور سبزیوں کو اس مکروہ مقصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے، پھلوں میں چھپا کر لائی گئی منشیات پکڑے جانے کے بعد سعودی عرب نے 25 اپریل سے لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی برآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

ادھر لبنانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں‌ کہا ہے کہ انہیں سعودی سفارت خانے کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ سعودی عرب نے منشیات کی اسمگلنگ کی وجہ سے بیروت سے پھلوں اور سبزیوں کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پھلوں کے کریٹوں میں بھاری مقدار میں منشیات کی بیرون ملک اسمگلنگ پر قانون حرکت میں آئے گا اور منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ لبنان سے پھلوں کی کھیپ میں منشیات کی سعودی عرب اسمگلنگ سے لبنانی معیشت کو غیر معمولی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here