اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران پاکستانی چاول کی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 2.11 فیصد کمی ہوئی تاہم مارچ 2021ء میں چاول کی برآمدات میں 13.21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2020ء سے لے کر مارچ 2021ء کے دوران چاول کی برآمدات سے ملک کو ایک ارب 56 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران پاکستان کی چاول کی برآمدات سے 2.11 فیصد کم رہی، گزشتہ سال کی اسی مدت میں پاکستان نے چاول کی برآمد سے ایک ارب 59 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: باسمتی چاول کے جی آئی ٹیگ کیلئے یورپی کمیشن میں پاکستانی برآمدکنندگان کی درخواست منظور
بالحاظ وزن بھی رواں مالی سال کی تین سہ ماہیوں کے دوران چاول کی برآمدات میں کمی ہوئی اور جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء کے دوران 28 لاکھ 85 ہزار 388 میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 31 لاکھ 41 ہزار 961 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں تھیں۔
پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2021ء کے دوران چاولوں کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 13.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارچ 2021ء میں چاول کی برآمد سے پاکستانی برآمدکنندگان نے 22 کروڑ 25 لاکھ 9 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ کمایا جو مارچ 2020ء کے 19 کروڑ 65 لاکھ 30 ہزار ڈالر سے 13.21 فیصد زیادہ ہے۔
بالحاظ وزن مارچ 2021ء کے دوران پاکستان نے تین لاکھ 85 ہزار 978 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات کیں جبکہ گزشتہ سال مارچ میں تین لاکھ 75 ہزار 482 میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا۔
مارچ 2021ء میں 87 ہزار 413 میٹرک ٹن باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو 8 کروڑ 40 لاکھ 35 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ مارچ 2020ء میں 78 ہزار 757 میٹرک ٹن چاول کی برآمدات سے سات کروڑ 42 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
باسمتی کے علاوہ دیگر اقسام کے چاول کی برآمدات میں مارچ 2021ء کے دوران 9.47 فیصد اضافہ ہوا اور 13 کروڑ 84 لاکھ 74 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جبکہ گزشتہ سال مارچ میں باسمتی کے علاوہ دیگر اقسام کے چاول کی برآمدات سے ملک کو 12 کروڑ 64 ہزار 90 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔