اسلام آباد: وزارت پٹرولیم نے اپنے ایک ذیلی ادارے کے اُن دو افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے جو آئل ٹرمینلز کو جعلی لائسنس جاری کرنے میں ملوث پائے گئے۔
وزارت کے ذیلی ادارے ڈیپارٹمنٹ آف ایکسپلوسیوز (Department of Explosives) کے دو افسران اسسٹنٹ ڈائریکٹر راج کمار اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مبین احمد کو ذمہ داری سے غفلت اور محکمانہ بےضابطگی کا مرتکب قرار دے کر ملازمت سے ہٹا دیا گیا۔
ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق گریڈ 17 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر راج کمار نے حفاظتی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تین آئل ٹرمینلز کو جعلی لائسنس جاری کئے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گریڈ 18 کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مبین احمد نے پبلک سیفٹی کو نظرانداز کرتے ہوئے 13 آئل ٹرمینلز کو لائسنس جاری کئے جبکہ اٹک پٹرولیم لمیٹڈ کو بھی جعلی لائسنس جاری کیا حالانکہ ابھی سائٹ زیر تعمیر تھی۔
ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق مذکورہ دونوں افسران اپنی ذمہ داری سے غفلت اور محکمانہ بےضابطگی کے مرتکب پائے گئے اور جرم ثابت ہونے پر انہیں ای اینڈ ڈی رولز کے تحت سروس سے برخاست کیا گیا ہے جبکہ دونوں افسران فیصلے کیخلاف اپیلٹ اتھارٹی کے سامنے نظرثانی کی درخواست دائر کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم ڈویژن پبلک سیفٹی اور ضابطہ قانون پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ایسے تمام عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔