لاہور: صارفین کی طرف سے گاڑیوں کی مسلسل طلب کے نتیجے میں مارچ 2021ء کے دوران گاڑیوں کا قرض سالانہ 30 فیصد یا 66 ارب روپے اضافے سے 285 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
ایک رپورٹ میں ٹاپ لائن سکیورٹیز کے حوالے سے کہا گیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کی بنیاد پر مارچ میں ماہانہ اعتبار سے آٹوفنانسنگ میں ماہانہ 4.5 فیصد یا 12 ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 28 فروری 2021 کو گاڑیوں کا قرض 273 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ رواں سال کار فنانسنگ پر مارچ 2021 میں 13.5 فیصد شرح سود کے مقابلے میں 7 فیصد شرح سود ہے۔
مالی سال 2021ء کے ابتدائی 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران ہیوی وہیکلز کی سیلز میں معمولی کمی سے پورے آٹو سیکٹر کی شرح نمو مثبت رہی اور کاروں کی فروخت 31.5 فیصد سے زیادہ ہوئی جس کے بعد جیپ کی فروخت 157.6 فیصد اضافے سے دوسرے نمبر پر رہی اور پک اپس اور لائٹ کمرشل وہیکلز کی فروخت میں 41.4 فیصد اضافہ ہوا۔