اسلام آباد: جاری مالی سال 2020-21ء کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران بیرون ملک سے موبائل فونز کی درآمدات میں 56.74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء کے دوران موبائل فونز کی درامدات پر دو کھرب 35 ارب 25 کروڑ 68 لاکھ 63 ہزار روپے (ایک ارب 53 کروڑ 50 لاکھ ڈالر) کا زرمبادلہ خرچ ہوا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال 2019-20ء کے ابتدائی 9 ماہ کے مقابلے میں 56.74 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دوران ایک کھرب 50 ارب 19 کروڑ 11 لاکھ 99 ہزار روپے (97 کروڑ 99 لاکھ 65 ہزار ڈالر) کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے۔
پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق مارچ 2020ء کے مقابلے میں مارچ 2021ء کے دوران موبائل فونز کی سالانہ درآمدات 95.58 فیصد تک بڑھیں، مارچ 2021ء کے دوران درآمدات پر 22 کروڑ 45 لاکھ 2 ہزار ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جبکہ مارچ 2020ء کے دوران 11 کروڑ 47 لاکھ 86 ہزار کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے۔
ماہانہ اعتبار سے دیکھا جائے تو فروری 2021ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات پر 17 کروڑ 58 لاکھ 21 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جبکہ مارچ 2021ء میں ان درآمدات کا حجم 22 کروڑ 45 لاکھ 2 ہزار ڈالر رہا اور اس میں ماہانہ بنیاد پر 27.69 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب رواں سال جولائی تا مارچ 2021ء کے دوران ٹیلی کام درآمدات کا حجم ایک ارب 92 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے ایک ارب 33 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سے 43.76 فیصد زیادہ ہے۔
سالانہ اعتبار سے جائزہ لیا جائے تو مارچ 2021ء کے دوران مارچ 2020ء کے مقابلے میں ٹیلی کام درآمدات میں 78.28 فیصد اضافہ ہوا اور مارچ 2021 میں 30 کروڑ 35 لاکھ 64 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں جبکہ مارچ 2020ء کے دوران ٹیلی کام درآمدات کا حجم 17 کروڑ دو لاکھ 73 ہزار ڈالر ڈالر رہا تھا۔
ٹیلی کام درآمدات میں ماہانہ اعتبار سے 27.95 فیصد اضافہ ہوا اور فروری 2021ء کی 23 کروڑ 72 لاکھ 57 ہزار ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں مارچ 2021ء میں 30 کروڑ 35 لاکھ 64 ہزار ڈالر کی درآمدات کی گئیں۔