اسلام آباد: ٹیکس سال 2020ء کے دوران انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق ٹیکس سال 2019ء کے مقابلہ میں ٹیکس سال 2020ء میں انکم ٹیکس گوشواروں کی وصولی 26 لاکھ کے مقابلہ میں 28 لاکھ تک بڑھ گئی۔ اس طرح گوشوارے کے ساتھ ٹیکس کی وصولیاں بھی 54 فیصد نمایاں اضافہ سے 33 ارب روپے کے مقابلہ میں 51 ارب روپے تک بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکس سال 2020ء کے دوران ایک لاکھ 23 ہزار 680 نئے انکم ٹیکس گوشوارے بھی جمع کرائے گئے ہیں جن کے ساتھ 51 کروڑ 10 لاکھ روپے اضافی ٹیکس وصولیاں بھی ہوئی ہیں۔ اسی طرح گوشوارے جمع کرانے کی شرح میں سات فیصد جبکہ سیلز ٹیکس محصولات میں 16.41 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جولائی 2020 سے فروری 2021ء کے دوران سیلز ٹیکس گوشواروں کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 584 رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں ایک لاکھ 67 ہزار 769 تھی، اس طرح سیلز ٹیکس گوشواروں میں 7.04 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ اس مید میں رواں سال 624 ارب روپے سیلز ٹیکس جمع ہوا جو گزشتہ سال کے 536 ارب روپے سے 16.41 فیصد زیادہ ہے۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ٹائیر ون کے 10 ہزار 283 ریٹیلرز کو پوائنٹ آف سیل کے انوائسنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جس سے ٹیکس آمدن میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کسٹمز نے سمگلنگ کی روک تھام کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مارچ 2021ء کے دوران 3.634 ارب روپے مالیت کی سمگل شدہ مصنوعات کو قبضے میں لیا جبکہ مارچ 2020ء میں 2.74 ارب روپے مالیت کی سمگل شدہ مصنوعات کو قبضے میں لیا گیا تھا، اس میں ماہانہ 39 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔