معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان جلد میونخ میں قونصلیٹ کھولے گا: وزیر خارجہ

454

برلِن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جرمنی میں ممکنہ اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان جلد میونخ میں قونصلیٹ کھولے گا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، اس حوالے سے نیا قونصلیٹ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برلن میں سفارت خانے کی کوششوں کی معاونت کے لیے میونخ مشن میں ایک قونصل جنرل مقرر کیا جائے گا، مزید یہ کہ پاکستان یورپ کے سٹریٹجک اینگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) پر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی، شمسی توانائی اور برقی گاڑیوں کے حوالے سے تعاون اور شراکت داری کا خواہاں ہے، پاکستان میں مذکورہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور ہم جرمن سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات بھی فراہم کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی کے مختلف تعلیمی اداروں میں اس وقت پانچ ہزار پاکستانی طالب علم زیر تعلیم ہیں، پاکستان کے قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے بھی میونخ کی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی۔

قریشی نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ رابطہ کرکے تعلیمی شعبے میں تعاون کو وسعت دی جائے گی تاکہ پاکستانی طالب عملوں کے لیے تعلیم کے حوالے سے جرمنی ترجیحی ملک بن سکے۔

جرمنی میں پاکستانی تارکین وطن کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت بیرونِ ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے سنجیدگی سے کوششیں کر رہی ہے، تارکین وطن کو سہولیات دینے کے لیے ای ووٹنگ کی آپشن بھی زیرِغور ہے۔

قریشی نے پاکستانی برداری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لیے اہم رابطہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے قانونی طریقے سے رقوم کی منتقلی کیلئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے دنیا بھر میں کہیں بھی موجود پاکستانی اپنے ملکی بینکوں میں اکائونٹ کھول سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے برلن میں پاکستانی سفارت خانے کا بھی دورہ کیا جہاں ڈاکٹر محمد فیصل نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے سفارت خانے میں فٹ بال انکلیو کا افتتاح کرتے ہوئے جرمنی کو سالانہ 50 ملین فٹ بال برآمد کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے سفارت خانے میں پاکستانیوں کو بِلامعاوضہ آن لائن فارمز دینے کے لیے عرضی نویس کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here