اسلام آباد: انڈس موٹرز کمپنی پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری میں سب سے بڑا سولر فوٹو وولٹک (پی وی) پلانٹ نصب کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔
کمپنی نے شمسی توانائی سے بجلی کے حصول کا پلانٹ فیکٹری کی چھت پر نصب کیا ہے۔ انڈس موٹر کمپنی یہ اعزاز حاصل کرنے والی ٹویوٹا ایشیا و بحرالکاہل کی بھی پہلی کمپنی ہے جس کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔
گزشتہ چند سال کے دوران پاکستان میں کاربن کے اخراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور سال 2019ء میں کاربن کا اخراج 148 ملین ٹن تک بڑھا ہے، حکومت نے 2025ء تک کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی کی حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے تناظر میں انڈس موٹر کمپنی پائیدار ترقی کے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
انڈس موٹر کمپنی کے سی ای او علی اصغر جمالی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 10 کلو واٹ پی وی پینلز کی تنصیب سے فیکٹری میں کاربن کے اخراج میں سالانہ تین ہزار ٹن کی کمی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے متبادل ذرائع سے توانائی کے حصول کی جانب سے پیش قدمی کر رہی ہے اور پاکستان کو بھی ماحولیات کے شعبہ کی بہتری کے لئے تیز تر اقدامات کی ضرورت ہے۔ سولر پی وی پلانٹ سے نہ صرف بجلی کے اخراجات میں کمی ہو گی بلکہ انرجی سپلائی کے حوالہ سے خود انحصاری کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کمپنی نے سورج کی مدد سے بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور اس پر بہت جلد عمل درآمد کیا جائے گا ۔ گلوبل ٹویوٹا انوئرمینٹل چیلج 2050ء کی پالیسی کے تحت ہم پائیدار معاشرے کے قیام کے لئے پرعزم ہیں۔