اسلام آباد: کووڈ۔19 کی عالمگیر وبا کو ویکسین کے ذریعے کنٹرول کر لیا جائے تو 2025ء تک ترقی یافتہ ممالک میں مختلف ٹیکسز کی مد میں ایک کھرب ڈالر سے زیادہ اضافی وصولیاں کی جا سکتی ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ وباء پر قابو پانے کے نتیجہ میں معاشی شرح نمو میں اضافہ سے صرف ترقی یافتہ ممالک میں 2025ء تک ٹیکسز کی مد میں ایک کھرب ڈالر کی اضافی آمدن حاصل کر سکتے ہیں جس کی مدد سے ترقی پذیر اور کم آمدن ممالک کی مالی معاونت اور ویکسین پر سرمایہ کاری کیلئے زیادہ آمدنی حاصل ہو سکے گی۔
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ جب تک عالمی وباء پر قابو نہ پایا جائے تو اس وقت تک حکومتوں کی مالیاتی پالیسیوں کو لچک دار اور تعاون پر مبنی ہونا چاہیے، مالی معاونت کا یہ سلسلہ مختلف ممالک اور شعبہ جات کے لئے علیحدہ علیحدہ ہو سکتا ہے جو امداد حاصل کرنے والے کسی بھی ملک کی صورت حال پر منحصر ہو گا۔
آئی ایم ایف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وبا سے زیادہ متاثرہ طبقات کی معاشی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وبا سے زیادہ متاثر طبقات میں نوجوان، خواتین، اقلیتی برادری سمیت غریب آدمی اور غیر روایتی شعبوں میں کام کرنے والے کم آمدنی والے ورکرز شامل ہیں۔
آئی ایم ایف نے پالیسی سازوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عالمی بحران کے دوران سماجی تحفظ کے پروگراموں کے لئے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کئے جائیں اور متاثرہ طبقات تک معاونت کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے غیر حق دار عناصر کو سماجی تحفظ کے پروگراموں سے استفادہ کا موقع نہ دیا جائے۔