کوئٹہ: احتساب عدالت کوئٹہ نے 57 بینک صارفین سے فراڈ اور کروڑوں روپے غبن کا جرم ثابت ہونے پر حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کوئٹہ کے تین کیشیرز کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور 18 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی، نیب بلوچستان کی ایچ بی ایل فراڈ کیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ بینک کے کیشیرز الطاف حسین، نظام الدین اور یار محمد نے ملی بھگت سے 57 بینک اکائونٹ ہولڈرز کی کیش اور چیکس کی مد میں جمع کرائی گئی رقم خوردبرد کرتے ہوئے مختلف اکائونٹس میں ٹرانسفر کی۔
نیب نے بینک کی جانب سے بھیجے گئے کیس میں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرکے احتساب عدالت کوئٹہ میں ریفرنس دائر کیا۔
احتساب عدالت کوئٹہ ٹو کے جج اللہ دا د روشان نے نیب ٹیم کی تحقیقات اور ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور 18 کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔