8 ماہ میں مصالحہ جات کی برآمدات سے 9 ارب روپے سے زائد آمدن

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں مصالحوں کی برآمدات سے 8 ارب 68 کروڑ 88 لاکھ روپے (پانچ کروڑ 68 لاکھ 36 ہزار ڈالر) زرمبادلہ کمایا گیا تھا

260

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران پاکستان سے گرم مصالحہ جات کی برآمدات میں 8.20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 21-2020ء کے دوران مصالحہ جات کی برآمدات سے 9  ارب 40 کروڑ روپے (چھ کروڑ 14 لاکھ 94 ہزار ڈالر) زرمبادلہ کمایا گیا۔

گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 20-2019 ء کے دوران مصالحوں کی برآمدات سے 8 ارب 68 کروڑ 88 لاکھ روپے (پانچ کروڑ 68 لاکھ 36 ہزار ڈالر) زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران مصالحہ جات کی قومی برآمدات میں 71 کروڑ 20 لاکھ روپے (46 لاکھ 58 ہزار ڈالر) یعنی 8 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق اس دوران بالحاظ وزن بھی مصالحہ جات کی برآمدات 10.70 فیصد اضافہ سے 13 ہزار 754 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 15 ہزر 226 میٹر ٹن تک بڑھ گئیں۔

ادھر فروری 2020ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران مصالحہ جات کی برآمدات میں 9.70 فیصد اضافہ ہوا اور فروری 2020ء کی 82 لاکھ 9 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں برآمدات کی مالیت 90 لاکھ پانچ ہزار تک بڑھ گئی۔

دوسری جانب جنوری 2021ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران مصالحہ جات کی ملکی برآمدات میں 18.34 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جنوری 2021ء کے دوران برآمدات کا حجم ایک کروڑ 10 لاکھ 27 ہزار ڈالر رہا تھا تاہم فروری 2021ء کے دوران مصالحہ جات کی قومی برآمدات 90 لاکھ پانچ ہزار ڈالر تک کم ہو گئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here