رمضان ریلیف پیکج کا آغاز، 7 ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی

853

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی خصوصی ہدایت پر رمضان ریلیف پیکج 2021ء کا اطلاق آج ہفتہ سے شروع ہو گیا جس کے تحت ملک بھر میں چار ہزار سے زائد یوٹیلٹی سٹورز پر 19 قسم کی اشیائے ضروریہ پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق اس ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کو انتہائی ضروری 19 اشیاء پر سات ارب 80 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان پیکج میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جن اشیاء پر سبسڈی کی منظوری دی تھی اس کے تحت آٹا 20 کلو کا تھیلا 800، گھی 170 روپے فی کلو، چینی 68 روپے فی کلو میں فروخت ہو گا۔

اس کے علاوہ دال چنا پر 15 روپے ، دال مونگ پر 10 روپے، دال ماش پر 10 روپے، دال مسور پر 30 روپے، سفید چنا پر25 روپے، بیسن پر20 روپے، کھجور پر 20 روپے، سپر باسمتی چاول پر 10 روپے، چاول سیلہ پر 10 روپے، چاول ٹوٹا پر 12 روپے، شربت پر 25 روپے، چائے پر 50 روپے، دودھ پر 20 روپے اور مصالحہ جات پر 10 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق یوٹیلٹی سٹور پر چینی پر 40، گھی پر 20 روپے، تیل پر 20 روپے، کھجوروں پر 20 روپے اور چاول پر 10 روپے فی کلو کے حساب سے سمیت دیگر اشیائے خوردونوش پر بھی سبسڈی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں گھی، چینی اور گندم کے آٹے کی قیمت میں نمایاں فرق رہا ہے اور ملک بھر میں موجود چار ہزار یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے 10 اپریل سے ان کی خریداری شروع کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here