اسلام آباد: پاکستان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی ال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 19.18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 20 کروڑ 27 لاکھ 40 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو پاکستانی برآمدات کی یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے مقابلے میں 19.74 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دونوں ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 16 کروڑ 92 لاکھ 80 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
فروری 2021ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو برآمدات سے پاکستان نے دو کروڑ 99 لاکھ ڈالر ڈالر کا زرمبادلہ کمایا تھا جبکہ گزشتہ سال فروری میں دونوں ممالک کو برآمدات سے دو کروڑ 27 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے درآمدات پر پاکستان نے 22 کروڑ 90 لاکھ 4 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف کیا۔
یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے مقابلہ میں 18.67 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دونوں ممالک سے درآمدات کا حجم 19 کروڑ 29 لاکھ 90 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
فروری 2021ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے تین کروڑ 90 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جبکہ گزشتہ سال فروری میں درآمدات کا حجم ایک کروڑ 92 لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
مالی سال 2020ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو پاکستانی برآمدات کا مجموعی حجم 25 کروڑ 36 لاکھ 70 ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ درآمدات پر مجموعی طور پر 25 کروڑ 85 لاکھ 90 ہزار ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔