’چینی مافیا کے 10 افراد گرفتار، 57 بینک اکائونٹس منجمد‘

31 شوگر ملز کو قانونی نوٹسز جاری، چینی بحران میں ملوث 19 بے نامی اکائونٹس بھی منجمد کئے گئے ہیں: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

748

کراچی: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چینی مافیا کے 10 افراد گرفتار اور 57 بینک اکائونٹس منجمد کئے ہیں۔

جمعہ کو ایف آئی اے کے زونل آفس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایف آئی اے اور نیب نے منی لانڈرنگ اور شوگر مافیا سمیت متعدد مافیاز کے خلاف سخت کارروائیاں کی ہیں، دس ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور 31 شوگر ملز کو قانونی نوٹسز جاری کئے ہیں جبکہ چینی کے بحران میں ملوث 19 بے نامی اکائونٹس سمیت 57 بینک اکائونٹس منجمد کئے گئے ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایف آئی اے کے کئی افسران برس ہا برس سے ایک ہی مقام پر تعینات ہیں، ان کا تبادلہ رمضان میں کر دیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں ای پاسپورٹ کے اجراء کا عمل جون 2021ء سے شروع ہو گا اور اس مقصد کے لئے ایک جرمن کمپنی کے ساتھ معاملات طے کر لئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی میعاد دس سال کر دی گئی ہے اور اس کی فیس بھی آدھی رہ گئی ہے۔ ویزا کے اجراء کا عمل مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے اور تقریباً تین لاکھ ویزے جاری کئے گئے جبکہ صرف 12 ہزار ویزا درخواستیں مسترد کی گئی ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 192 ممالک کے شہری 30  دن کے اندر پاکستانی ویزا حاصل کر سکتے ہیں، اب کسی ایک متعلقہ ادارے کی منظوری سے ویزا جاری ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، ڈالر کی قیمت 22 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، وزیر اعظم مہنگائی پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہیں، اُن کے لئے حزب اختلاف چیلنج نہیں بلکہ مہنگائی پر قابو پانا چیلنج ہے۔

ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ اگر نواز شریف وطن واپسی کا کوئی ارادہ ظاہر کرتے ہیں تو وزارت داخلہ انہیں 24 گھنٹوں میں سفری دستاویزات جاری کر دے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here