8 ماہ کے دوران پٹرولیم گروپ کے درآمدی بل میں 22 فیصد کمی ریکارڈ

جولائی تا فروری 2020-21ء کے دوران پٹرولیم گروپ کی درآمدات کا حجم چھ ارب 44 کروڑ 56 لاکھ ڈالر تک کم ہو گیا جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں آٹھ ارب 23 کروڑ 22 لاکھ ڈالر تھا

158

اسلام آباد: رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران پٹرولیم گروپ کی ملکی درآمدات میں 21.70 فیصد کمی ہوئی ہے۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 2020-21ء کے دوران پٹرولیم گروپ کی درآمدات کا حجم چھ ارب 44 کروڑ 56 لاکھ ڈالر تک کم ہو گیا۔

گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2019-20ء کے دوران آٹھ ارب 23 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں پٹرولیم گروپ کی قومی درآمدات میں ایک ارب 78 کروڑ 66 لاکھ ڈالر یعنی 21.70 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 20.71 فیصد کمی سے درآمدات کی مالیت تین ارب 64 کروڑ 11 لاکھ 11 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں دو ارب 88 کروڑ 69 لاکھ 99 ہزار ڈالر تک کم ہو گئی۔

اسی طرح خام پٹرولیم کی درآمدات میں بھی 24.26 فیصد کمی واقع ہونے سے درآمدات کا حجم دو ارب 31 کروڑ 55 لاکھ 97 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں ایک ارب 75 کروڑ 39 لاکھ 18 ہزار ڈالر تک کم ہو گیا۔

مزید برآں مالی سال کے 8 ماہ کے دوران قدرتی مائع گیس (ایل پی جی) کی درآمدات میں بھی 27.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجہ میں ایل پی جی کی درآمدات دو ارب پانچ کروڑ 92 لاکھ 76 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں ایک ارب 49 کروڑ 97 لاکھ 90 ہزار ڈالر تک کم ہو گئیں۔

دوسری جانب مائع پٹرولیم گیس (ایل این جی) کی درآمدات میں 41.03 فیصد اضافہ سے درآمدات کی مالیت 21 کروڑ 61 لاکھ 13 ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 30 کروڑ 47 لاکھ 89 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق فروری 2020ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران تیل کے مجموعی درآمدی بل میں 26.89 فیصد کمی ہوئی ہے تاہم جنوری 2021ء کے مقابلہ میں فروری 2021ء کے دوران پٹرولیم گروپ کی مجموعی درآمدات میں 0.64 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here