وبا کے باعث عالمی سیاحت کو 4.5 کھرب ڈالر کا نقصان، کروڑوں افراد بے روزگار

ٹورزم سیکٹر کا بین الاقوامی جی ڈی پی میں حصہ 50 فیصد تک کم ہو گیا، چھ کروڑ 20 لاکھ کارکنوں کا روزگار ختم، کروڑوں دیگر کارکن کم تر معاوضہ پر کام کرنے پر مجبور ہیں : رپورٹ

571

اسلام آباد: سیاحت کے عالمی شعبہ کو کووڈ۔19 کی وجہ سے گزشتہ سال 2020ء کے دوران ساڑھے 4 کھرب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (ڈبلیو ٹی ٹی سی) نے کہا ہے کہ عالمی وبا کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی ہے اور بالخصوص سیاحت کی صنعت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سال 2020ء میں سیاحت کی عالمی صنعت کو 4.5 کھرب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور دوران سال اس شعبہ کا بین الاقوامی جی ڈی پی میں حصہ 50 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔ مزید برآں سیاحت کے شعبہ میں کام کرنے والے 62 ملین کارکنوں کا روزگار ختم ہو گیا ہے جبکہ کروڑوں دیگر کارکن کم تر معاوضہ پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔

اس سے قبل عالمی ادارہ سیاحت نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے مسلسل بڑھتے ہوئے خطرات کے باعث دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک ملک نے عالمی سیاحت کے لیے اپنے دروازے بند کر دیئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: 

پنجاب کے511 سیاحتی مقامات ایک ایپ پر دستیاب

لاہور نیویارک ٹائمز کی 2021ء کے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست میں شامل

ملائیشیا، سیاحوں کی آمد میں 2020ء کے دوران 83 فیصد کمی، اربوں ڈالر کا نقصان

عالمی ادارہ سیاحت کے مطابق وبا کے باعث حکومتیں زیادہ محتاط طریقہ کار اپنانے پر مجبور ہو گئی ہیں اور فروری 2021ء کے بعد سے دنیا کے 32 فیصد ممالک نے عالمی سیاحت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ان میں 38 فیصد ممالک ایسے ہیں جو کم از کم 40 ہفتے کے لیے بند ہیں جبکہ 34 فیصد ممالک نے جزوی طور پر عالمی سیاحت کے دروازے بند کر دیئے ہیں۔

سیاحت کے عالمی ادارہ کے سیکرٹری جنرل زورب پولیشکاول نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے سفری پابندیوں کا سہارا بڑے پیمانے پر لیا گیا جبکہ ہم نے سیاحت کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کیے ہیں تو ہمیں یہ حقیقت مدنظر رکھنا ہوگی کہ سفری پابندیاں وبا سے بچائو کے حل کا ایک حصہ ہیں اور یہ مکمل حل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس سلسلے میں لچکدار طریقہ کار اپنانا ہو گا اور تازہ ترین اعدادوشمار کو مدنظر رکھ کر نئے فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ دنیا بھر کے 69 ممالک ایسے ہیں جو سیاحوں کے لیے مکمل طور پر بند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جنہوں نے عالمی سیاحت پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے ان میں 30 ایشیا و بحر الکاہل، 15 یورپ، 11 افریقہ اور 10 کا تعلق براعظم امریکا سے ہے جبکہ 3 ممالک مشرق وسطی سے تعلق رکھتے ہیں جن میں سے ایک سعودی عرب ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here