کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) نے کامیابی کے ساتھ آیاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ (IOSA) کی رجسٹریشن کی تجدید کر لی ہے۔
آیاٹا آپریشنل سیفٹی آڈٹ تنظیم (IOSA) نے آڈٹ کے نتائج کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا اور یہ رجسٹریشن دو سال تک کارآمد رہے گی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں ترجمان پی آئی اے نے بتایا ہے کہ اس اہم حفاظتی سند کی تجدید کے لئے ہر دو سال بعد بیرونی آڈٹ ہوتا ہے، یہ سیفٹی آڈٹ ایاٹا کی جانب سے کیا جاتا ہے اور پی آئی اے کا شمار کامیابی سے ایاٹا کے قوانین کی پابندی کرتے ہوئے سند یافتہ ائر لائنز میں ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایک سال کے دوران پی آئی اے کے خسارے میں 34 فیصد کمی
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں درپیش چیلینجز کا سامنا کرتے ہوئے پی آئی اے نے دو آڈٹ کروائے جن میں سے پہلے کا دائرہ کار محدود تھا جبکہ دوسرا تفصیلی آڈٹ آپریشنز، فلائٹ سروسز (کیبن آپریشنز)، کوالٹی اشورنس، سیفٹی مینجمنٹ، سیکیورٹی سروسز، انجینئرنگ، گرائونڈ ہینڈلنگ، فلائٹ ڈسپیچ اور کارگو آپریشنز پر محیط ایک مکمل اسکوپ آڈٹ تھا۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ارشد ملک نے ائیرلائن کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ (IOSA) رجسٹریشن کا تسلسل اور کامیابی سے ساتھ حصول حفاظتی امور کی ترجیح کی ایک مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے حفاظتی امور پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی اور پی آئی اے کی پہلی ترجیح مسافروں کو محفوظ سفر کی فراہمی ہے، پی آئی اے کے کارکنان کی ادارے کی بہتری کے لئے کی جانے والی کوشش مثالی ہیں۔
سربراہ پی آئی اے کا کہنا تھا کہ مزید اچھی خبریں جلد ہی سامنے آئیں گی اور پی آئی اے قابل اعتماد اور محفوظ ترین ایئرلائن کے طور پر سامنے آئے گی۔ کارپوریٹ کوالٹی اشورنس کی ٹیم کی کاوشوں کو اور تمام محکموں کے چیف اور ان کے متعلقہ کوالٹی کنٹرول ٹیموں کی تعریف کی جو حفاظت کے تمام معیارات کو برقرار رکھنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے بھی اس اہم کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال کے دوران پاکستان میں ہوابازی کے شعبہ میں مزید بہتری اور ترقی ہو گی۔