سٹیل انڈسٹری کا جعلی انوائسز کے خاتمہ، کاروباری تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

591

اسلام آباد: سٹیل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے نمائندگان نے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود اور فیڈرل بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) سے سٹیل کے کاروبار میں جعلی انوائسز کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے کیونکہ اس سے ٹیکس ادا کرنے والے شعبے کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز (پی اے ایل ایس پی)  نے معاونِ خصوصی برائے ریونیو اور ایف بی آر کے نام الگ الگ خطوط لکھ کر شکایت کی ہے کہ سٹیل انڈسٹری میں جعلی سیلز ٹیکس انوائسز کے ذریعے پیداوار سے متعلق جھوٹے دعوے کر کے حکومت کو دھوکا دیا جا رہا ہے اور قومی خزانے کو ہر ماہ ٹیکس کی مد میں اربوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ جعلی انوائسز کا یہ عمل سٹیل مینوفیکچررز کو بھی تباہ کر رہا ہے جو حکومت کو بھاری ٹیکس ادا کر رہے  ہیں، اس ٹیکس چوری کے نتیجے میں سٹیل سیکٹر کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں اور اسے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز کے سیکرٹری جنرل واجد بخاری نے کہا ہے کہ حکام کی جانب سے جعلی انوائسز پر کارروائی نہ کرنے کی وجہ سے معیشت کو دستاویزی بنانے اور تمام سٹیل ملز اور مینوفیکچررز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے عمل کو دھچکا لگا ہے اور اگر یہ کھیل ایسے ہی جاری رہا تو سٹیل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here