لاہور: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 64 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بجلی کی قیمت میں 64 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے جو فروری 2021ء کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہے۔ یہ اضافہ صارفین سے اپریل 2021ء کے بلوں میں وصول کیا جائے گا
رپورٹس کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے ٹیرف 0.65 پیسہ بڑھانے کی درخواست کی تھی جس کے بعد نیپرا نے 30 مارچ کو عوامی سماعت کے بعد 0.64 پیسے اضافے کی منظوری دی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ماہانہ 50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا جبکہ کے الیکٹرک صارفین بھی اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔