سی پیک کے گوادر فری زون سے پہلی کارگو کنسائنمنٹ کی کلیرنس ہو گئی

ایچ کے سن کارپوریشن کی پہلی کنسائنمنٹ میٹل سکریپ پر مشتمل تھی، مزید کنسائینمنٹس جلد پہنچیں گی جن سے آنے والا خام مال مختلف مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہو گا اور پھر یہ مصنوعات پاکستان سے برآمد کی جائیں گی

868

اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قائم کیے گئے گوادر فری زون میں کارگو کلئیرنس کا آغاز کرتے ہوئے ایچ کے سن کارپوریشن کی کنسائنمنٹ کو کلیر کر دیا۔

ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ پہلی کنساینمنٹ، جو کہ میٹل سکریپ پر مشتمل تھی، کو ماڈل کسٹمز کلیکٹوریٹ اے اینڈ ایف ویسٹ کراچی نے پراسیس اور کلیر کیا جو بعد ازاں گوادر فری زون پہنچ گئیں۔

گوادر فری زون کو ماڈل کسٹمز کلیکٹوریٹ گوادر کے ذریعے ریگولیٹ کیا جا رہا ہے۔ ایچ کے سن کارپوریشن کی مزید کنسائینمنٹس بھی پاکستان پہنچ رہی ہیں جن کے ذریعے آنے والا خام مال مختلف مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہو گا اور پھر یہ مصنوعات پاکستان سے برآمد کی جائیں گی۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق ایچ کے سن کارپوریشن پہلی انٹرپرائز ہے جس نے گوادر فری زون میں پیداوار اور پراسیسنگ شروع کی ہے۔ اس کے علاوہ مزید کئی انٹرپرائزز جلد ہی سی پیک کے تحت گوادر فری زون میں کام کا آغاز کر دیں گی۔

معاہدے کے تحت گوادر فری زون کی ترقی اور آپریشن کو چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی چلا رہی ہے۔ فری زون کو منصوبے کے تحت چار مراحل میں 2015ء سے 2030ء تک مکمل تیار کیا جائے گا۔

فری زون کی بدولت پاکستانی اور چینی صنعتوں کے درمیان روابط پیدا ہوں گے، گوادر فری زون سے ہزاروں افراد کو روزگار مہیا کرنے میں مدد ملے گی اور یہ ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آ ف ریونیو گوادر فری زون میں مزید سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ملکی برآمدات اور تجارت کے فروغ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here