پاکستان اور شمالی یورپ کے درمیان تجارتی حجم میں 14 فیصد اضافہ

جولائی 2020ء سے لے کر فروری 2021ء کے 8 ماہ کے دوران ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ سمیت دیگر شمالی یورپی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 13.68 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 14.73 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے

1327

اسلام آباد: پاکستان اور شمالی یورپ کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14.15 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

اس عرصہ میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 13.68 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 14.73 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے اس حوالہ سے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ڈنمارک، فن لینڈ، ناروے، سویڈن، برطانیہ اور شمالی یورپ کے دیگرممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 1.735 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ شرح گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے مقابلہ میں 13.68 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم  1.526 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

فروری 2021ء میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 228.94 ملین ڈالر ریکارڈ کیا کیا جو گزشتہ سال فروری میں 183.11 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 25.02 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2020ء میں شمالی یورپ کے ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 2.180 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں شمالی یورپ کے ممالک سے درآمدات میں 14.73 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس مدت میں شمالی یورپ سے درآمدات پر 847.71 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمالی یورپ سے درآمدات پر 738.86 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔

فروری 2021ء میں شمالی یورپ سے درآمدات کا حجم 105.974 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ گزشتہ سال فروری میں خطے کے ممالک سے درآمدات کا حجم 71.85 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here