مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سام سنگ الیکٹرانکس کو 8.3 ارب ڈالر منافع

سمارٹ فونز کی فروخت میں اضافے اور گلیکسی ایس 21 کی لانچنگ سے کمپنی کی مجموعی آمدن 65 کھرب وان (58 ارب ڈالر) رہی

598

سیئول: جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس نے کہا ہے کہ رواں سال پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران اس کے آپریٹنگ منافع میں سالانہ بنیاد پر 44.19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

شنہوا نیوز نے کمپنی کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ جنوری سے مارچ کے عرصے میں سام سنگ الیکٹرانکس کو 9.3 کھرب وان (8.3 ارب ڈالر) آپریٹنگ منافع ہوا ہے جبکہ سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں اس کا حجم 6.45 کھرب وان رہا تھا۔

گو کہ ٹیکنالوجی اور سمارٹ فون انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ماہرین نے پیش گوئی کی تھی کہ کورونا وبا کے باعث فونز کی فروخت میں کمی کے باعث سام سنگ کا منافع 8.9 کھرب وان (7.9 ارب ڈالر) رہنے کی توقع ہے۔

لیکن پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کا آپریشنل منافع توقع سے بڑھ کر سال 2020ء کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 44.19 فیصد زیادہ رہا۔

سمارٹ فونز کی فروخت میں اضافے اور گلیکسی ایس 21 کی لانچنگ سے کمپنی کی مجموعی آمدنی 65 کھرب وان (58 ارب ڈالر) رہی جو سالانہ بنیاد پر 17.48 فیصد زیادہ اور سال 2020ء کی تیسری سہ ماہی ( جولائی تا ستمبر) کی آمدنی 66.96 کھرب وان (60 ارب ڈالر) کے قریب ترین ہے۔

کمپنی کی جانب سے خالص منافع اور آمدنی سے متعلق دیگر تفصیلات کا اظہار ایکسٹرنل آڈٹ اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سام سنگ نے پہلی سہ ماہی کے دوران مارکیٹ میں چھ کروڑ 20 لاکھ سمارٹ فون فروخت کیے تھے اور اس کا عالمی موبائل مارکیٹ میں حصہ 18.1 فیصد رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here