اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گمشدہ، چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لئے نئے خود کار ڈیوائس سسٹم (ایل ایس ڈی ایس) کا آغاز کر دیا ہے۔
نیا نظام اُن صارفین کے لئے مددگار ثابت ہو گا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں۔
صارفین اپنے موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لئے چوری ہونے کی صورت میں فون سیٹ کے آئی ایم ای آئی بلاک کرانے کے لئے پی ٹی اے کو درخواست دے سکتے ہیں۔
ایل ایس ڈی ایس ایک خودکار نظام ہے اور پی ٹی اے کی ڈیوائس آئی ڈنٹٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے ساتھ مربوط ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی اے کا بغیر سرٹیفکیٹ ٹیلی کام ایکوپمنٹ کی فروخت اور استعمال کیخلاف انتباہ
چوری شدہ موبائل فون شکایت کے اندراج کے بعد ضروری تصدیق کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر بلاک کر دیا جائے گا۔ صارفین پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کے ذریعے فون بلاکنگ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔
بلاکنگ کی درخواست کے کامیاب اندراج کے بعد درخواست کنندہ کو ایک حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا۔ گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو سی ایم ایس کے ذریعہ اَن بلاکنگ کے لئے بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا ہو گا اور شکایتی حوالہ نمبر کے ساتھ دیگر لازمی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی جو انہوں نے موبائل فون بلاک کرتے وقت فراہم کی تھیں۔ موبائل فون اَن بلاک ہو جانے کے بعد صارف کو فراہم کردہ نمبر پر ایک ایس ایم ایس موصول ہو گا۔