وفاق، صوبوں کا سیلز ٹیکس کیلئے ایک ہی گوشوارہ اور پورٹل متعارف کرانے پر اتفاق

884

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اور صوبائی ریونیو اتھارٹیز نے مصنوعات اور خدمات پر سیلز ٹیکس کے لئے ایک ہی گوشوارہ متعارف کرنے اور سنگل پورٹل کی تشکیل کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے چئیرمین ایف بی آر جبکہ تمام صوبائی ریونیو اتھارٹیز کی طرف سے ان کے سربراہان نے معاہدے دستخط کئے۔ اس معاہدہ کے تحت وفاق اور صوبوں کے درمیان سیلز ٹیکس پر ہم آہنگی اور مطابقت کا حصول ممکن ہو گا۔

خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے نمائندگان تقریب میں موجود تھے جبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی اور سندھ ریونیو بورڈ کے نمائندگان نے تقریب میں آن لائن شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ ایف بی آر اور چاروں صوبائی ریونیو اتھارٹیز کا مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنا وزیر اعظم کے ایف بی آر کو مکمل خود کار بنانے کے ویژن کی تکمیل کی طرف اہم پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت ٹیکس گزاروں کو سہولیات کی فراہمی اور کاروباری آسانی کے اعشاریہ میں بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے کیونکہ اب کاروباری برادری کو مختلف سیلز ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی بجائے صرف ایک گوشوارہ جمع کرنا ہو گا۔ اس سے ٹیکس نظام اور طریقہ کار کو مزید سہل بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ ایف بی آر اور صوبائی ریونیو اتھارٹیز کے درمیان دیگر تنازعات اور درپیش رکاوٹوں کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا جس کے بعد کاروباری برداری کے لئے کاروبار کو وسعت دینا مزید آسان ہو جائے گا۔

چئیرمین ایف بی آر نے اس موقع پر مفاہمت کی یادداشت کے تحت حاصل ہونے والی سہولت اور ٹیکس نظام اور طریقہ کار میں بہتری کے بارے میں بتایا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here